(لاہور نیوز) پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن بنگلا دیش کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
میچ کے تیسرے دن مہمان ٹیم کے بلے بازوں نے پاکستان کیخلاف محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا جو زیادہ دیر برقرار نہ رکھ پائے، 31 کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ نے بنگلا دیشی اوپنر ذاکر حسن کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
دوسرا روز
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن محمد رضوان اور سعود شکیل کی شراکت داری نے شاہینوں کا بھرم رکھ لیا، دونوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور اپنی بھی سنچریاں مکمل کیں۔
میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز سے اننگز آگے بڑھائی، دوسرے دن سعود شکیل 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بعدازاں محمد رضوان کا ساتھ دینے کیلئے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی میدان میں آئے اور انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنا لیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 24 گیندوں پر 29 رنز کی ناٹ آؤٹ باری کھیلی اور اس کے ساتھ ہی پاکستان نے 448 رنز کے مجموعی سکور پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی، محمد رضوان 171 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی اننگز
مہمان ٹیم نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 27 رنز سکور کئے اور بنگلادیش کی جانب سے ذاکر حسن 11 اور شادمان 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن
کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نئی گیند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کو جلد ہی آؤٹ کر دیا۔
تاہم صائم ایوب اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں نے پاکستان کی پوزیشن کو بہتر کیا۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیل کے پہلے روز 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 3 کے مجموعی سکور پر گری جب عبد اللہ شفیق 2 رنز پر پویلین لوٹے پھر دوسری وکٹ 14 کے مجموعی سکور پر کپتان شان مسعود کی گری جو 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کو تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 2 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے، ان کے بعد وکٹ پر جمے ہوئے نوجوان بیٹر صائم ایوب 56 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔
بنگلادیش کی جانب سے اب تک شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔