ارشد ندیم پر بننے والی بائیوپک میں ان کا کردار کون ادا کرےگا؟مداحوں کا ردعمل بھی سامنے آگیا
(ویب ڈیسک)پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخی فتح کے ساتھ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی بائیوپِک میں اُن کے کردار کے لیے مداحوں نے اداکار کا انتخاب کرلیا۔
پاکستانی اولمپئن ارشد ندیم نے یومِ آزادی سے قبل پوری قوم کو گولڈ میڈل کا تحفہ دے کر خوش کردیا،اس تحفے کے بعد سے پاکستان کے ہر عام و خاص شہری کی زبان پر صرف ارشد ندیم کا نام ہے۔شوبز شخصیات سمیت ارشد ندیم کے مداح چاہتے ہیں کہ اُن کی زندگی پر فلم بنائی جائے جس میں ارشد ندیم کی جدوجہد کا دکھایا جائے۔
اس حوالے سے پاکستانی فلم اسٹار ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ارشد ندیم پر بائیکوپِک بنائی جائے، محسن عباس نے تو اس فلم میں ارشد ندیم کا کردار ادا کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی۔اب مداحوں نے ارشد ندیم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اُن کے کردار کے لیے ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر کو مسترد کرکے اداکار عمر شہزاد کا انتخاب کیا ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ اداکار عمر شہزاد کی جسامت اور قد ارشد ندیم کے جیسا ہے، لہٰذا اگر مستقبل میں ارشد ندیم پر کوئی فلم بنی تو اُن کا کردار ادا کرنے کے لیے عمر شہزاد بہترین انتخاب ہیں۔دوسری جانب اداکار عمر شہزاد نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں مداحوں کے انتخاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا بہت شکریہ، میرے لیے ارشد ندیم کا کردار ادا کرنا اعزاز ہوگا۔