(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے مزاحمت کر کے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔
نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ایک روز قبل انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جسے انہوں نے مزاحمت کر کے ناکام بنا دیا، اداکارہ واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے رو پڑیں۔
نمرہ خان کے مطابق وہ ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں کہ 3 مسلح افراد نے ان کے قریب گاڑی روکی اور اسلحے کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔
نمرہ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود مزاحمت کی اور فٹ پاتھ پر بھاگنا شروع کردیا جبکہ قریب موجود افراد میں سے کسی نے مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افراد نے تعاقب کیا اور وہ مجھے گولی بھی مار سکتے تھے، سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی کو روکا اور اس میں موجود فیملی نے اور ہوٹل کے سٹاف نے میری مدد کی۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا تمام پاکستانیوں سے سوال ہے کہ کیا جب پاکستان میں خواتین محفوظ نہیں تو ہمیں یوم پاکستان اس طرح منانا چاہیے؟ میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ کی بہن، بیوی، بیٹی اور والدہ پاکستان میں محفوظ ہیں؟ اس کا جواب نہیں میں ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ نمرہ خان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اغوا کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔