(ویب ڈیسک) ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کے دوسرے شوہر حکیم شہزاد نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیوی دانیہ شاہ کی محبت میں گھر کے سارے کام کرتے ہیں، وہ اپنی بیوی پر حکمرانی نہیں کرنا چاہتے۔
رپورٹ کےمطابق حال ہی میں حکیم شہزاد نے اپنی چوتھی بیوی دانیہ شاہ کے ہمراہ نجی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیا جس میں حکیم شہزاد نے دانیہ کی محبت میں رن مرید بننے کا اعتراف کیا۔حکیم شہزاد نے کہا کہ بہت سے لوگ مجھ سے یہ سوال کررہے ہیں کہ کیا دانیہ شاہ نے مجھ سے دولت کی خاطر شادی کی ہے؟ تو میں اُنہیں جواب دینا چاہتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں، یہ سب جھوٹ اور بکواس ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ دانیہ شاہ نے نہ تو مرحوم عامر لیاقت حسین سے دولت کی خاطر شادی کی تھی اور نہ ہی مجھ سے، لہٰذا لوگ فضول باتیں کرنا بند کریں۔حکیم شہزاد نے کہا کہ میری طرف سے دانیہ کو مکمل آزادی حاصل ہے، وہ اپنی مرضی سے جو چاہیں کرسکتی ہیں، اگر وہ اداکاری یا ماڈلنگ کرنا چاہتی ہیں تو شوق سے کریں اور اگر سیاست میں جانا چاہتی ہیں تو یہ بھی اُن کی اپنی مرضی ہوگی۔
حکیم شہزاد نے کہا کہ میں گھر کے سارے کام کرتا ہوں، بس میری ایک ہی خواہش ہے کہ دانیہ کبھی بھی مجھے چھوڑ کر نہ جائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ دانیہ سے شادی کے بعد، میرے گھر میں کافی مسائل پیدا ہوئے ہیں لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ مسائل زندگی کے ساتھ چلتے رہتے ہیں، اکثر خواتین دوسری، تیسری یا چوتھی شادی کو برداشت نہیں کرتیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل دانیہ شاہ نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے حکیم شہزاد نامی اپنے وکیل سے دوسری شادی کی تصدیق کی تھی۔