(لاہور نیوز) پی ایچ اے نے یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کا پلان بنا لیا۔
یوم آزادی کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور حتمی شکل دینے کیلئے ڈی جی طاہر وٹو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایچ اے یوم آزادی کے موقع پر آتش بازی اور مقابلہ مصوری منعقد کروائے گا،یوم آزادی کی مناسبت سے ریس کورس باغ میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
منصوبے کے مطابق 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب مینار پاکستان سبز اور سفید روشنیوں سے جگمگائے گا،لاہوریوں میں مفت پودے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
دوسری جانب شاہدرہ کی گرین بیلٹس پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شاہدرہ فلائی اوور سے بیگم کوٹ چوک تک 10 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے جن میں جامن، شیشم، سکھ چین، انار اور دیگر مقامی پودے شامل ہیں۔
ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو کا کہنا ہے کہ مَون سُون میں شہر بھر میں پانچ لاکھ سے زائد پودے لگائیں گے، پی ایچ اے لاہور کے فاریسٹ کور کو 7 فیصد تک بڑھائے گا۔