(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ حنا چودھری نے کیریئر کے آغاز میں ہی شادی کرنے کی وجہ بتادی۔
حال ہی میں اداکارہ حنا چودھری نے ایک انٹرویو کے دوران جہاں اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کی وہیں انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق بھی کھل کر اظہار خیال کیا۔
شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنا چودھری نے بتایا کہ شوبز میں آنے سے قبل ہی میری منگنی ہو چکی تھی اور جیسے ہی میں نے شوبز کیریئر شروع کیا تو لوگوں نے مجھے اور میرے منگیتر کو طعنے دینا شروع کیے کہ اب لڑکی شوبز میں چلی گئی ہے، وہ بدل جائے گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے میں نے شوبز کیریئر کے آغاز میں ہی جلد شادی کرلی، جس کے بعد میں کیریئر کو بڑھانے کے لیے لاہور سے کراچی چلی گئی۔
حنا نے کہا کہ مجھے خوف تھا کہ شادی کے بعد میرا کیریئر ختم ہوجائے گا اور شادی کی وجہ سے مجھے کوئی کاسٹ بھی نہیں کرے گا، کیوں کہ پاکستان میں غیر شادی شدہ لڑکیوں کو زیادہ مواقع ملتے ہیں۔