حکومت مہنگائی کی شرح 3 سال کی کم ترین مدت سے نیچے لے آئی ہے، بلال اظہر کیانی
(لاہور نیوز) نیشنل پارلیمنٹری ٹاسک فورس کے کنوینر بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے حکومت مہنگائی کی شرح 3 سال کی کم ترین مدت سے نیچے لے آئی ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے، فروری میں مہنگائی کی شرح 23.1 فیصد تھی، مرکز اور پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کر رہی ہے، بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانا ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو تمام مشکلات سے آگاہ کیا ہے۔
نیشنل پارلیمنٹری ٹاسک فورس کے کنوینر بلال اظہر کیانی نے کہا یہ حکومت کوئی پھولوں کا تاج نہیں تھی، ہم یہ نہیں کہتے کہ ہمارا کام آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں دیکھنا نہیں، نواز شریف نے پاکستان کو ترقی دی اور روزگار کو بڑھایا، 200یونٹ تک بجلی صارفین کو 50 ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں،اس ماہ مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد ہے، عوام کی قوت خرید کو مزید آسان کرنا ہے۔
بلال اظہر کیانی کا مزید کہنا تھا بانی پی ٹی آئی قومیت اور دیگر طرح کی باتیں کرتے تھے، نفرت پھیلانا اور اشتعال انگیزی کرنا آسان ہے لیکن تعمیری کام کرنا مشکل ہے، یہ کہتے ہیں 9 مئی ایک فالس فلیگ آپریشن تھا، پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا موازنہ بنتا نہیں ہے۔