(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بجلی بل 25کروڑ عوام کا مسئلہ ہے اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے تیسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی کی خواہش نہیں ہوتی کہ گھر چھوڑ کر راستوں پر بیٹھ جائے، احتجاج اور مزاحمت آئین و قانون کے مطابق ہے، ہم اپنی آواز بلند کرنے کیلئے دھرنا اور احتجاج کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غریبوں کا جینا دوبھر کردیا ہے،یہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، انہوں نے کم از کم تنخواہ 37ہزار رکھی ہے، بجلی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے غریب آدمی یا تو چوری یا ڈاکہ ڈالے گا اور کیا کرسکتا ہے، میرے کارکنان عوام کے حق کی بات کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تعلیم صرف چند لوگوں کیلئے رہ گئی ہے، بجلی کے بل پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، بجلی کے بلوں میں ہمیں ہر صورت کمی چاہیے، بجلی کے بل شہریوں پر بم بن کر گررہے ہیں، ملک میں قرضوں سے جکڑا ہوا نظام ہے۔