ایک ٹولہ کبھی جمہوریت اور کبھی ملک پر حملہ آور ہوتا ہے: محسن شاہنواز رانجھا
(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ٹولہ کبھی جمہوریت اور کبھی ملک پر حملہ آور ہوتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ منفی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے، چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، معاشی طور پر ملک کے حالات بہتری کی طرف جانا شروع ہوچکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ٹولہ کبھی جمہوریت اور کبھی ملک پر حملہ آور ہوتا ہے، عمران خان کے دور میں دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے گئے ، انہوں نے تین وزیر خزانہ تبدیل کرکے معیشت کا بیڑہ غرق کیا ، بانی پی ٹی آئی کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا ۔
محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ ماضی میں جسٹس شوکت صدیقی کی گفتگو آپ سن چکے ہیں جس میں انہوں نے بتایا کہ ایک مخصوص ٹولے کیلئے کیسے فیصلے کرائے گئے ، یہ آج بھی عدالتوں میں جاتے ہیں تو انہیں گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے ۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کی حکومت ختم ہونے پر کس طرح تحریک انصاف کو متعارف کرایا گیا یہ سب بھی آپ کے سامنے ہے ، میانوالی کی اکلوتی نشست جیتنے والے کی پارٹی کو کس طرح ایوان میں پہنچایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا، مسلم لیگ ن کے دوسرے رہنماؤں کے ساتھ بھی بے بنیاد مقدمات بنا کر ایسا ہی سلوک کیا گیا تھا۔