(لاہور نیوز) کیپٹن محمد سرور شہید(نشان حیدر) کے 76ویں یوم شہادت پر ان کے آبائی گاؤں سنگھوڑی میں ان کی یادگار پر تقریب ہوئی ۔
لیفٹیننٹ کرنل محمد فیاض تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، مہمان خصوصی نے آرمی چیف کی جانب سے شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
8بلوچ رجمنٹ کے چاق وچوبند دستے نے کیپٹن محمد سرور شہید نشان حیدر کو سلامی پیش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرورشہید نشان حیدر کے 76ویں یوم شہادت کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،مسلح افواج، سروسز چیفس کی جانب سے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان کا کہنا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی ہمت، ثابت قدمی اورجرات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ دشمن کو چوکی چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کرنے والے کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا آج 76 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے، بے مثال قربانی اور بہادری کی بدولت کیپٹن محمد سرور شہید کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔