(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت بغیر کارروائی 30 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکلا صفائی عدالت میں پیش نہ ہوئے، 10 بجے سماعت کے موقع پر دونوں ملزمان بھی عدالت پیش نہ ہوئے، سماعت کے آغاز پر وکلا صفائی عدالت میں موجود نہ تھے جس پر سماعت ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کی گئی۔
معاون وکیل خالد یوسف چودھری نے 11 بجے سماعت پر عدالت میں مؤقف اپنایا کہ سینئر وکلا راستہ میں ہیں کچھ دیر میں پہنچ رہے ہیں۔
عدالت نے وکلا صفائی کو جرح کی آخری وارننگ دے دی اور ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 34 گواہان کے بیانات قلم بند کیے جا چکے ہیں اور مجموعی طور پر 33 گواہان پر جرح مکمل کی جا چکی ہے۔