25 Jul 2024
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی اورسابق وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی کیسز میں اپنی ممکنہ حراست فوجی عدالتوں کو دینے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
بانی پی ٹی آئی نے عزیر کرامت بھنڈاری کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے آئی جیز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی سے متعلق کیس میں حراست آرمی کے حوالے کی جا سکتی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت 9 مئی کیسز میں حراست سویلین کورٹس کے پاس رہنے کا حکم دے اور ممکنہ حراست آرمی کو دینے کیخلاف حکم جاری کرے۔