(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اعتراف جرم کے بعد سزا ملنی چاہئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ 9 مئی کی کال انہوں نے دی تھی، یہ جلاؤ گھیراؤ 9 مئی سے نہیں بلکہ 2014 سے شروع ہوا، بانی پی ٹی آئی 2014 میں بھی ریاست پر چڑھائی کرتا پھرتا تھا، اس شخص کے آئی ایم ایف سے کئے ہوئے معاہدے کی وجہ سے آج عوام کو مہنگائی اور مہنگی بجلی برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گرد جماعت ہے جس نے سیاسی لبادہ اوڑھا ہوا ہے، ہم کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانا نہیں چاہتے لیکن ان کی حرکتیں دہشت گردوں والی ہیں، یہ شخص گناہ بھی کرتا پھر اس کا اعتراف بھی کرتا ہے اور پھر کہتا ہے کہ میں انقلابی ہوں، بانی پی ٹی آئی کو اعتراف جرم کے بعد سزا ملنی چاہئے، عدلیہ سے کہتی ہوں کہ اگر آج اسے سزا نہ دی تو کل ہر دہشت گرد جماعت کو سیاسی سرٹیفکیٹ دینا پڑے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا عدالتوں میں 9 مئی کے تمام واقعات کے چالان جمع ہو چکے ہیں ، عدلیہ، پارلیمنٹ اور سیاسی کارکنوں کو سوچنا ہو گا کہ ہم ملک کو کہاں لے کر جانا چاہتے ہیں۔