(ویب ڈیسک) آئی سی سی اجلاس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی اوربھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خوشگوار الفاظ کا تبادلہ ہوا۔
سری لنکا میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی سالانہ میٹنگ اختتام پذیر ہوگئی، 4 روزہ سالانہ اجلاس سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہوا جس میں کھیل کے مختلف پہلوؤں، نئے قوانین بنانے، ٹی20 ورلڈکپ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
میٹنگ کی سائیڈ لائن پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملاقات ہوئی، دونوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور خوشگوار الفاظ کا تبادلہ کیا تاہم اس دوران چیمپئنز ٹرافی 2025 کےحوالے سے بات چیت نہیں کی گئی۔
اجلاس میں پی سی بی، بی سی سی آئی اور آئی سی سی کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی 2025 پر کوئی بات نہیں کی گئی کیونکہ یہ آئی سی سی میٹنگ کے ایجنڈے میں نہیں تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہی ہوگی، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پی سی بی کے انتظامات سے خوش ہے۔
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی ہے جس سے ایونٹ پاکستان میں ہونے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔