ماتحت عدالتوں میں ویڈیو لنک کیلئے اضافی ایکویپمنٹ کی خریداری کا نوٹیفکیشن واپس
(لاہور نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے اضافی عدالتی اخراجات کا سخت نوٹس لے لیا۔
ماتحت عدالتوں میں ویڈیو لنک کے لیے اضافی ایکویپمنٹ کی خریداری کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے اخراجات کی حد تک 7 جون کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے اقدامات سے قومی خزانہ کو ایک ارب روپے کی بچت ہو گی۔
رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبہر گل خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی عدالتوں میں سیشن ججز کے پاس پہلے سے ویڈیو لنک سسٹم انسٹال ہے، پنجاب کی تمام ماتحت عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ماتحت عدلیہ کے ججز کے پاس لیپ ٹاپ اور وائی فائی کی سہولت موجود ہے، ویڈیو لنک سے متعلق نئے ایکویپمنٹ کی خریداری کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ سابق رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے 7 جون کو اضافی ایکویپمنٹ کی خریداری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس سے قومی خزانے پر بوجھ پڑا۔