(لاہور نیوز) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں آٹا نرخوں کی زائد وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں آٹے کے نرخوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، پنجاب بھر میں 679 آٹا برانڈز کے 10 اور 20 کلوگرام تھیلوں کی قیمتوں کو چیک کیا گیا، لاہور ڈویژن میں 112،راولپنڈی میں 164،گجرات میں 48 مختلف آٹا برانڈز کی قیمتیں چیک کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 52،فیصل آباد میں 67 اور سرگودھا میں 32 آٹا برانڈز کے نرخوں کو مانیٹر کیا گیا، ملتان ڈویژن میں 76، ساہیوال میں31 ،ڈی جی خان میں 33 اور بہاولپور میں 64 آٹا برانڈز کی قیمتوں کو چیک کیا گیا۔
بلال یاسین نے کہا کہ24 گھنٹوں میں 146 گاڑیوں کی مدد سے گندم و آٹے کی بین الصوبائی ترسیل کی گئی، 3 ہزار 279 میٹرک ٹن آٹے و میدے کی بین الصوبائی ترسیل ریکارڈ کی گئی، تمام اضلاع میں آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، محکمہ خوراک پنجاب فلور ملز سے ریٹیل شاپس تک مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کی نگرانی کر رہا ہے، عام مارکیٹ میں آٹے کے نرخوں میں زائد وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔