(لاہور نیوز) ویمنز ٹی 20 ایشیاء کپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔
سری لنکا کے شہر دمبولا میں ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ہونیوالے ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 108 رنز بنائے۔بھارتی ویمنز ٹیم نے 109 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارتی اوپنر بلے باز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، سمرتی مندھانا 45 اور شفالی ورما 40 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سیدہ اروب شاہ نے 2 اور نشرہ سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 108 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سدرہ امین 25 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز گل فیروزہ اور منیبہ علی نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور اوپنر بلے باز گل فیروزہ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں جبکہ منیبہ علی 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض 6، کپتان ندا ڈار 8، طوبیٰ حسن 22، سیدہ اروب شاہ 2 رنز بنا سکیں ، ارم جاوید ، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال بغیر کوئی رن سکور کیے پویلین لوٹ گئیں جبکہ فاطمہ ثنا 22 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہیں۔
بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے 3 جبکہ رینوکا سنگھ، پوجا وستراکر اور شریانکا پاٹل نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔