(لاہور نیوز) سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) مشیر عالم نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی۔
جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے جوڈیشل کمیشن کے نام خط میں لکھا کہ اللہ نے مجھے میری حیثیت سے زیادہ عزت دی، ایڈہاک جج کی نامزدگی کے بعد سوشل میڈیا پر جو مہم شروع کی گئی اس سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے کہا کہ 22 سے 23 سال عدلیہ میں گزارے ہیں، فلاحی کاموں میں مصروف ہوں، موجودہ حالات میں بطور ایڈہاک جج کام کرنے سے معذرت چاہتا ہوں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود نے ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی پر رضا مندی ظاہر کر دی، ان کے علاوہ جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے بھی ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی پر رضامندی ظاہر کردی، تاہم جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے تاحال رجسٹرار سپریم کورٹ کو جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ زیر التوا کیسز میں کمی لانے اور سائلین کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے سپریم کورٹ میں 4 ایڈہاک ججز کے تقرری کیلئے 19جولائی کو جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ،جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کو بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعینات کرنے پر غور کیا جائے گا۔