(لاہور نیوز) سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کر دی گئی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا اور الیکشن کمیشن سمیت 11 پارٹیوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے 12 جولائی کے فیصلے پر حکم امتناع کی بھی استدعا کر دی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن پارلیمان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، سپریم کورٹ 12 جولائی کے فیصلے پر نظرثانی کرے، عدالت 12 جولائی کے فیصلے کو واپس لے۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک سپریم کورٹ فیصلے پر حکم امتناع دیا جائے۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔