15 Jul 2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی۔
کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے کیس کی سماعت کی ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ رہنما پی ٹی آئی نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو آج صبح انتہائی سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی پر 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھیراو سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، رہنما پی ٹی آئی کو آج فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب کیا گیا تھا۔