لاہور: (محمد بلال) معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل سدرہ نیازی نے کہا ہے کہ انسان کو محبت ایک سے زیادہ بار بھی ہو سکتی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ سدرہ نیازی دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے شوبز کیریئر، نجی زندگی اور عشق و محبت سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران اداکارہ سے محبت کے حوالے سے سوال کیا گیا جس کے جواب میں سدرہ نیازی کا کہنا تھا کہ انسان کو ہزار بار بھی محبت ہو سکتی ہے، محبت بھلا کوئی ایسی چیز ہے جس کو آپ کہیں قید کرلیں؟
انہوں نے کہا کہ یکطرفہ محبت آزادی ہے، مجھے لگتا ہے کہ جو بھی ایسا رشتہ جس میں آزادی ہو محبت ہے، آپ یکطرفہ محبت میں آزاد ہیں اس کو پنپنے دیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آپ محبت کو محسوس کریں، اس کا اظہار بھی کریں، آگے سے مثبت رسپانس ملے تو اچھی بات ہے ہاں لیکن عشق کی بات کریں تو کچھ الگ معاملہ ہے۔
سدرہ سے ان کے پسندیدہ اداکار بارے پوچھا گیا جس پر انہوں نے فواد خان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیا۔
میزبان نے سوال کیا کہ کس اداکار کے ساتھ دوبارہ سکرین شیئرکرنا چاہیں گی جس پر انہوں نے میزبان عمران اشرف کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
پروگرام کے دوران میزبان عمران اشرف نے ناراض ہونے والوں کو پیغام دینے کا کہا جس پر سدرہ نیازی نے کہا کہ کوشش کرتی ہوں کہ لوگ مجھ سے ناراض نہ ہوں، اگر مجھے علم ہو کہ کوئی مجھ سے کسی بات پر ناراض ہے تو معافی مانگنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، چار دن کی زندگی ہے درگزر سے کام لیں۔