افسران و اہلکار پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، سربراہ لاہور پولیس
(لاہور نیوز) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات کر دیں۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے متعارف کروائے گئے پرفارمنس انڈیکیٹرز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، لاہور پولیس کے مختلف ونگز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا پولیس افسران سائلین کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں، 15 کالز پر ایف آئی آر کا بروقت اندراج، میرٹ پر تفتیش اور مظلوم کو انصاف یقینی بنایا جائے، پرفارمنس انڈیکیٹرزکے تحت کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم کی صورت میں سپروائزری افسران خود وقوعے کا دورہ کریں، محکمہ پولیس کے تمام ونگز باہمی اشتراک سے کرائم کنٹرول میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
بلال صدیق کمیانہ نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے لاہور پولیس کوانٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، ٹریفک مینجمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دیں، شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (انویسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آرگنائزڈ کرائم یونٹ)عمران کشور، ڈی آئی جی(آپریشنز)محمد فیصل کامران، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (انویسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری اور ایس ایس پی(آپریشنز) تصور اقبال نے شرکت کی۔