12 Jul 2024
(ویب ڈیسک) ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کر کے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان فلائٹ نمبر پی کے 179 کے ذریعے آذربائیجان جا رہے تھے، ملزمان کی شناخت ذیشان قیصر، ابوبکر اور نوید سرور کے نام سے ہوئی، ملزم ذیشان قیصر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا اور تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے البانیہ کا جعلی ویزہ برآمد ہوا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے احسن علی نامی ایجنٹ سے 25 لاکھ کے عوض آذربائیجان اور البانیہ کا جعلی ویزہ حاصل کیا، ملزم ابوبکر یعقوب نے بھی مذکورہ ایجنٹ احسن علی بٹ سے 15 لاکھ روپے کے عوض اٹلی کا جعلی ورک ویزہ حاصل کیا جبکہ ملزم نوید سرور مذکورہ ملزمان کے ساتھ سب ایجنٹ کے طور پر سفر کر رہا تھا۔