(لاہور نیوز) سیف سٹی ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے داتا دربار کے قریب لڑکی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار کروا دیا۔
ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خاتون نے بس میں ہراسگی کی شکایت درج کروائی، خاتون نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کو متعلقہ بس کی لوکیشن بھی بتائی۔
اتھارٹی ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی نے کیمروں کے ذریعے بس کو فالو کیا اور پولیس کو بس کے اگلے سٹاپ پر بھیج دیا،بس کے سٹاپ پر پہنچتے ہی خاتون کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، خواتین خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہی فوراً 15 پر کال یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے شکایت درج کروائیں۔