10 Jul 2024
(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے فارغ کرنے کی تصدیق کر دی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہاب ریاض اور عبد الرزاق اب سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، دونوں سلیکٹرز کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی بنا پر فارغ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی میں سرجری شروع، وہاب، رزاق عہدے سے فارغ
پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی جلد مناسب وقت پر ان کی جگہ نئے سلیکٹرز کا اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 4 سابق کرکٹرز وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق اور محمد یوسف شامل تھے جبکہ وہاب ریاض ٹیم کے سینئر منیجر بھی تھے، پی سی بی کا محمد یوسف اور اسد شفیق پر اعتماد برقرار ہے۔