(لاہور نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پاکستان کرکٹ کا ڈھانچہ ٹھیک کرنے کے حوالے سے لاہور میں گزشتہ شب کرکٹرز کیساتھ اہم ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی بیٹھک کی صدارت پی سی بی کے سربراہ محسن رضا نقوی نے کی، اجلاس میں 15سے زیادہ سابق ٹیسٹ ،انٹرنیشنل کرکٹرز نے قومی کرکٹ میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کرنے والوں میں سلمان بٹ ،اعجاز احمد، سرفراز احمد، باسط علی، انتخاب عالم، عاصم کمال،محمد سمیع، شفیق پاپا، یاسر حمید، سلیم الطاف، ہارون رشید، یاسر شاہ،سکندر بخت، وجاہت اللہ واسطی، اظہر خان شامل تھے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق کپتان جاوید میانداد اور راشد لطیف کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جاوید میانداد ناسازی طبیعت کی وجہ سے لاہور نہیں آسکے جبکہ راشد لطیف نے پہلے سے طے مصروفیات کی بنا پر معذرت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے مل کر کام کرنے اور سابق کرکٹرز کی تجاویز کی روشنی میں پاکستان ڈومیسٹک اور دوسرے معاملات میں بہتری لانے کی یقین دہانی کرائی ۔