(ذیشان یوسفزئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے بیوروکریسی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاور سیکٹر میں آزاد ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بیوروکریسی کی بریفنگز سے بہت سی معلومات متضاد نکلیں جس کی بنا پر پاور سیکٹر میں آزاد ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پن بجلی منصوبوں، نیٹ میٹرنگ، سولرائزیشن سے متعلق آزاد ماہرین سے رائے لی جائے گی ، بجلی کی قیمتوں سے متعلق بھی آزاد ماہرین سے خدمات لینے کا فیصلہ ہے جبکہ درآمدی کول پاور پلانٹس کو تھر کول پر منتقل کرنے سے متعلق بریفنگ پر بھی ماہرین سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداواری اور تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاور سیکٹر کی اصلاحات بھی نجی ماہرین کی مشاورت سے کی جائیں گی، اس حوالے سے وزیراعظم آفس نے انرجی امور کے ماہرین سے رابطہ کر لیا۔
بیوروکریسی کی جانب سے ورکنگ پیپرز آزاد ماہرین کو بھجوا دیئے گئے ہیں، پاور سیکٹر کے امور پر آزاد ماہرین پر مشتمل کمیٹی یا کونسل تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم نے وزیر توانائی کو بھی ٹاسک دے دیا۔