ملک میں سیاسی استحکام ہے نہ معاشی، فارم 47 والے ملک نہیں بناتے: شاہد خاقان عباسی
(لاہور نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہے نہ معاشی، فارم 47 والے ملک نہیں بناتے۔
عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں ایکسپورٹ گر رہی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جو ملک دودھ پر ٹیکس لگا دے وہ کیا کر سکتا ہے، ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، ملک میں مہنگائی میں اضافے سے عوام پریشان ہیں۔
آج ایوان میں بیٹھے ہوئے لوگ الیکشن ہار کر بیٹھیں ہیں
انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا پاکستان ایسا ہو گا ،اقتدار کی کرسیوں پر ایسے لوگ ہونے چاہئیں جو ضمیر بیچ کر ایوان میں نہ بیٹھیں، آج ایوان میں بیٹھے ہوئے لوگ الیکشن ہار کر بیٹھیں ہیں، ملک میں تینوں بڑی جماعتوں کو آزمایا جا چکا ہے ، ارباب اختیار تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں حل پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں ، آج ہمیں کرسیوں کی پروا ہے عوام کی پروا نہیں ہے، ملک میں جماعتیں مخصوص مقاصد کے لئے بنائی جاتی ہیں، ایوانوں میں ایسے لوگوں کی نمائندگی ہونی چاہئے جو کرسیاں تلاش نہ کریں۔