(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مون سون کی دوسری تیز بارش کا ایک دن میں دوسرا سپیل برسا ہے، موسلادھار بارش کا پہلا سپیل صبح 3:46 سے 6:36 تک برستا رہا، مون سون بارش کا دوسرا سپیل 11:37 سے 2:07 تک جاری رہا۔
بارش نے شہر لاہور میں ملی میٹر میں نصف سنچری مکمل کر لی، جیل روڈ پر 20.5، ایئرپورٹ پر 36، گلبرگ میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ، لکشمی چوک میں 42، اپرمال میں 45، مغلپورہ میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ تاجپورہ میں 47.5، نشتر ٹاؤن میں 42، پانی والا تالاب میں 45، فرخ آباد میں 47، گلشن راوی میں 50 ملی میٹر بارش، اقبال ٹاؤن میں 56، سمن آباد میں 41 ملی میٹر، جوہر ٹاﺅن میں 21 اور قرطبہ چوک میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔