پاکستان کے امن و استحکام اور سرمایہ کاری کے مواقع دنیا کے سامنے لائیں گے: طاہر اشرفی
(لاہور نیوز) مشیر وزیراعظم طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام اور سرمایہ کاری کے مواقع دنیا کے سامنے لائیں گے۔
وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین کے ہمراہ اسلامی ممالک کی کمپنیوں کے تجارتی فورم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ سب کی خواہش ہے کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے، اسلامی ممالک کی کمپنیوں کے تجارتی فورم میں شرکت پر معزز مہمانوں کے شکر گزار ہیں۔
فورم کے انعقاد سے عمرہ اور حج کرنے والے افراد کو سہولیات میسر آئیں گی: سالک حسین
وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دنیا کی معروف کمپنیاں فورم میں موجود ہیں،فورم کے انعقاد سے پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، فورم کے انعقاد سے عمرہ اور حج کرنے والے افراد کو سہولیات میسر آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی ممالک نے پاکستان کے لئے ویزے میں نرمی کی ہے، پاکستانیوں کی حرکتوں کی وجہ سے پھر سختیاں ہوتی ہے، آئندہ سال حج بہت بہتر ہو گا، معاشی استحکام کے لئے امن و امان کو بہتر کرنا ضروری ہے، امن و امان پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔