(ویب ڈیسک) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں پاکستان چیمپئنز کے کپتان یونس خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوئیں۔
پاکستان چیمپئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 194 رنز بنائے، اوپنر کامران اکمل دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے انہوں نے صرف 5 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک 54 اور شرجیل خان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، صہیب مقصود نے 22، شاہد آفریدی نے 16 سکور بنائے۔
پہلے میچ میں کامیابی کا موجب بننے والے کپتان یونس خان اور مصباح الحق دوسرے میچ میں ناکام رہے اور بالترتیب 2 اور 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عبدالرزاق 3 سکور بنا سکے، عامر یامین 29 اور سہیل تنویر 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے فیڈل ایڈورڈ نے 2، سموئیل بدری، جروم ٹیلر اور سلیمان بین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بنا پائی، ناکام سائیڈ کی جانب سے ڈیوائن سمتھ نے 46 بالز پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو کہ رائیگاں گئی، جوناتھن کارٹر 34، چدوک والٹن 16 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
جروم ٹیلر نے 13، کرس گیل نے 3، ایشلے نرس نے 5 رنز بنائے، پاکستان چیمپئنز کی جانب سے سہیل تنویر نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔