(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کمشنر آفس گوجرانوالہ سے واپسی پر اچانک چلڈرن ہسپتال پہنچ گئیں، مریض اور تیماردار وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اچانک اپنے درمیان دیکھ کر خوش گوار حیرت میں مبتلا ہو گئے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو لوگوں نے مسائل سے آگاہ کیا، بعض نے درخواستیں بھی دیں۔
وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈز کا جائزہ لیا، میڈیسن سٹور کا بھی معائنہ کیا، مریم نواز شریف نے نومولود بچوں کے نرسری میں داخل ہونے کی بجائے وارڈ کے دروازے پر کھڑے ہو کر بچوں کے علاج کے بارے میں دریافت کیا، مریض بچوں سے اظہار شفقت کیا اور دل بہلانے کے لئے باتیں کیں، بچوں کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دعائیں دیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمسن مریضہ کو دلاسا دیا اور پیار کیا، مریض بچوں کے والدین سے علاج اور مفت ادویات کے بارے میں دریافت کیا، مریض بچوں کے والدین نے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کی سہولتوں پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چلڈرن ہسپتال کے توسیعی منصوبے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری اور دیگر بھی موجود تھے۔