پی ٹی آئی کا عوامی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر ارکان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل نے عوامی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر رہنے والے جیت کے دعویدار ٹکٹ ہولڈرز کیخلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
مریم نواز کی تقریر کے دوران پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے اپوزیشن ارکان کی معطلی کے بعد سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلی گیٹ پر علامتی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جسے عوامی اسمبلی کا نام دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عوامی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر جیت کے دعویدار ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 70 سے زائد ٹکٹ ہولڈرز جیت کے دعویدار ہیں جبکہ عوامی اسمبلی کے اجلاس میں کم ٹکٹ ہولڈرز موجود تھے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عوامی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر ٹکٹ ہولڈرز کی لسٹ منگوا لی اور واضح کیا کہ جو ٹکٹ ہولڈر اجلاس میں نہیں آتا وہ آئندہ ٹکٹ لینے نہ آئے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی اسمبلی کا اجلاس تواتر سے منعقد کیا جائے گا، ہر اجلاس کی رپورٹ تیار کی جائے گی، احتجاج نہ کرنے اور اجلاس سے غیر حاضر ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کو آئندہ ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔