(لاہور نیوز) اگلے سال پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر نظریں مر کوز کر لی ہیں ان دونوں ایونٹس میں ویرات کوہلی اور روہت شرما سمیت سینئر کھلاڑی موجود ہوں گے۔
سربراہ بی سی سی آئی جے شاہ نے مزید کہا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما بھارتی ٹیم کے اہم رکن ہوں گے جو ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، میں چاہتا ہوں کہ بھارت تمام ٹائٹلز جیتے، ہمارے پاس سب سے مضبوط بینچ سٹرینتھ ہے، اس ٹیم کے صرف تین کھلاڑی زمبابوے جا رہے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ہم تین ٹیمیں بھی میدان میں اتار سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا بھارتی ٹیم کی ترقی کو دیکھتے ہوئے ہمارا ہدف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اور چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے، روہت شرما پچھلے سال بھی کپتان تھا، ہم نے 2023 میں فائنل کے علاوہ تمام میچ جیتے کیونکہ آسٹریلیا نے بہتر کھیلا، اس بار ہم نے اور بھی زیادہ محنت کی اور بہتر کھیلا تاکہ ٹائٹل جیت سکیں، ورلڈ کپ میں تجربے کی اہمیت ہوتی ہے لیکن آپ زیادہ تجربات نہیں کر سکتے۔