ایک سال انٹراپارٹی الیکشن نہیں کرائے، اب کس منہ سے مخصوص نشستیں مانگ رہے ہیں: عقیل ملک
(لاہور نیوز) ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ایک سال تک تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، اب سنی اتحاد کونسل، تحریک انصاف والے کس منہ سے مخصوص نشستیں مانگ رہے ہیں۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ عدالت کرے گی، سنی اتحاد کونسل کے اپنے منشور میں اقلیتی نمائندوں کا ذکر نہیں، سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے لئے لسٹ جمع نہیں کرائی۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ آیا جس جماعت نے لسٹ جمع نہیں کرائی وہ کیسے مخصوص نشستیں مانگ سکتی ہے، مخصوص نشستوں کے لئے لسٹ جمع کرانا ضروری ہوتا ہے، کوئی جماعت لسٹ جمع کرائے بغیر مخصوص نشستوں کا مطالبہ نہیں کر سکتی۔
ترجمان قانونی امور نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے بطور جماعت ایک سیٹ نہیں جیتی، سنی اتحاد کونسل نے خود آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا، مخصوص نشستوں کا فیصلہ عدالت نے آئین وقانون کے مطابق کرنا ہے، تحریک انصاف والے مانیں سنی اتحاد کونسل کو جوائن کر کے سیاسی غلطی کی، اب یہ ادھر نہ اُدھر کے رہے۔
عقیل ملک نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانا تحریک انصاف کی اپنی غلطی ہے، یہ سیٹیں "چونگے" میں آپ کی جھولی میں نہیں ڈالی جا سکتیں، یہ سنی اتحاد کونسل کا رائٹ نہیں ہے، اٹارنی جنرل نے حکومت کا موقف عدالت میں پیش کر دیا ہے۔