(ویب ڈیسک) انڈین سکواش ٹیم کے کوچزدلیپ تریپاٹھی اور خاتون کوچ میکھالا کا کہنا ہے بھارت اور پاکستان کے مابین دوستی کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے کھیلوں کے دو طرفہ مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انڈین سکواش ٹیم کے کوچزدلیپ تریپاٹھی اور خاتون کوچ میکھا لا کا کہنا تھا کہ بھارت میں موجود پاکستا نی سفارت خانے نے آسانی سے ویزہ دے دیا، ہماری حکومت نے ہمیں بروقت اجازت دے دی تھی تاکہ ہم اس ایونٹ میں شرکت کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوگی تو انہیں بتائیں گے کہ پاکستان میں ہمارا بہت اچھا استقبال ہوا، پاکستانی عوام محبت کرنے والے عوام ہیں، اگر مستقبل میں بھارت اور پاکستان کے مابین دوستی کے رشتے مضبوط ہوجائیں تو عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مواقع مل سکیں گے۔
خاتون کوچ میکھا لا کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستانی ڈارمے بہت پسند ہیں اور میری خواہش تھی کہ پاکستانی لباس خرید سکوں لیکن مشکل ہے کیونکہ سکیورٹی کی وجہ سے بازار جا نا ممکن نہیں ہے۔