(لاہور نیوز) پاکستانی شوٹر کشمالہ طلعت نے پیرس اولمپکس میں کوالیفائی کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمالہ طلعت ایک پروفیشنل شوٹر ہیں اور اولمپکس میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں،کشمالہ نے بچن سے ہی اپنے بھائی کے ساتھ کرکٹ اور فٹ بال کھیلنا شروع کردیا تھا، آج وہ مہارت سے گن چلاتی ہیں۔
کشمالہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں یہ بات مشہور ہے کہ لڑکیاں گھر میں بیٹھ کر لڑکیوں والے کام کریں اور لڑکے کھلونا گن سے کھیلیں، لیکن یہاں آکر محسوس ہوا ہے کہ یہ دقیانوسی روایت ختم ہوگئی ہے اور لڑکیاں بھی بندوق چلا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے شوٹنگ کا آغاز کیا تو میری خواہش تھی کہ یہاں سے جب میں عالمی سطح پر مقابلوں میں شرکت کروں تو لوگ مجھے یاد کریں، میری یہ بھی خواہش ہے کہ جب بھی شوٹنگ کے مقابلوں کا ذکر ہوں تو وہاں میرا نام آئے۔
خاتون شوٹر کی والدہ ثمینہ یعقوب کا اپنی گفتگو میں کہنا تھاکہ ہماری بیٹی کشمالہ نے پیرس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے پر ہماری بیٹی نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا، ہمارے لیے یہ لمحہ ناقابل یقین ہے، میں اللہ کا شکر ادا کررہی ہوں کہ جب ہمارے ملک کا پرچم عالمی سطح پر بلند ہو گا تو اس کی وجہ میری بیٹی ہے۔