کینسر میں مبتلا بھارتی اداکارہ حنا خان کی صحت کیلئے پاکستانی مداحوں کی جانب سے دعائیں
(ویب ڈیسک) بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان میں کینسر کی تشخیص کی خبر سُن کر پاکستانی مداحوں نے اُن کی صحتیابی کے لیے دُعا شروع کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ افواہیں سامنے آرہی تھیں کہ اداکارہ حنا خان کینسر کا شکار ہوگئی ہیں جس پر اُن کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے۔مداح چاہ رہے تھے کہ حنا خان خود منظرِ عام پر آکر اس خبر کی تصدیق یا تردید کریں، تاہم اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چھاتی کے کینسر کا شکار ہوگئی ہیں۔
حنا خان کا کہنا تھا کہ اُن کا علاج شروع ہوگیا ہے اوروہ سب کو یقین دلانا چاہتی ہیں کہ وہ اپنی فیملی کی سپورٹ، ہمت اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس موذی مرض پر قابوپالیں گی۔اداکارہ کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ناصرف بھارتی مداحوں نے دعائیہ پیغامات جاری کیے بلکہ حنا خان کے پاکستانی مداح بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔
حنا خان کی پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں پاکستانی مداحوں نے اداکارہ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمنائیں اوردعائیہ کلمات بھیجے، مداحوں نے اداکارہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔