26 Jun 2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے خوشاب میں دفعہ 144 کا فوری نفاذ کرتے ہوئے " پھلائی" اور "کاہو" کے درختوں کی کٹائی پر پابند عائد کردی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تمباکو کی بڑھتی مانگ کے باعث پھلائی اور کاہو کے درختوں کو تیزی سے کاٹا جارہا تھا، درختوں کی کٹائی سے وادی سون کے ماحولیاتی نظام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھا رہی ہے، پابندی کا اطلاق ضلع خوشاب میں پھلائی اور کاہو کے درختوں کی کٹائی اور ضلع سے باہر نقل و حمل پر ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 15 روز کیلئے کیا گیا ہے، حکومت پنجاب نے قدرتی ماحول، مقامی آبادی اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے فیصلہ کیا، ڈپٹی کمشنر خوشاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔