(لاہور نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا، 20 میں سے 8 ٹیموں کے درمیان سپر ایٹ مرحلہ آج سے شروع ہو گا۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کا اختتام انتہائی ڈرامائی انداز میں ہوا جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کا فائنل کھیلنے والی ٹیم پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلے مرحلے میں ہی باہر ہو گئیں۔
حیران کن طور پر اپنا پہلا آئی سی سی ایونٹ کھیلنے والی ٹیم امریکا نے سپر 8 میں رسائی حاصل کی، اس کے علاوہ بنگلا دیش اور افغانستان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سپر ایٹ میں جگہ بنائی۔
سپر ایٹ مرحلے میں ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 4،4 ٹیمیں شامل ہیں، گروپ ون میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش اور بھارت شامل ہیں جبکہ گروپ 2 انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا اور ویسٹ انڈیز پر مشتمل ہے۔
سپر ایٹ مرحلے کے میچز آج سے 25 جون تک کھیلیں جائیں گے، دونوں گروپس میں شامل ٹیمیں 3،3 میچز کھیلیں گی اور ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
پہلے میچ میں آج جنوبی افریقا اور امریکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔