(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ساؤتھ افریقہ نے نیپال کو ایک رنز سے شکست دے دی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 31 ویں میچ میں نیپال نے ساؤتھ افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں کنگز ٹاؤن کے ارونز ویل کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔
ساؤتھ افریقہ کی اننگز
نیپال کی دعوت پر ساؤتھ افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک اور ریزا ہینڈرکس نے بیٹنگ کا آغاز کیا، لیفٹ ہینڈڈ بیٹر کریز پر زیادہ دیر موجود نہ رہ سکے اور صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ ریزا ہینڈرکس شاندار بلے بازی کے باعث 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان ایڈن مارکرم نے کریز سنبھالی اور 15 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، ٹرسٹن اسٹبس نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر 7، ہینرک کلاسن 3 اور مارکو جانسن نے ایک 1 رن بنایا، یوں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم 115 سکور ہی کر سکی، نیپال کی جانب سے کشل بھروٹل نے 4 اور دپندرا سنگھ ایری نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیپال کی اننگز
116 رنز کے ہدف کے جواب میں نیپال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا آغاز کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کا مجموعی سکور 35 تک پہنچایا اس کے بعد کشل بھروٹل شمسی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آصف شیخ 43 رنز اور انیل ساہ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
3 وکٹیں گرنے کے بعد نیپال کے تمام کھلاڑی ہمت ہار گئے اور ہدف پورا نہ کر سکے، ساؤتھ افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینریچ نورٹجے اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ سکواڈ
ایڈن مارکرم (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، تبریز شمسی، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے، اوٹنیل بارٹ مین۔
نیپال سکواڈ
روہت پاؤڈل (کپتان)، آصف شیخ، دپندرا سنگھ ایری، کشل بھروٹل، ابھیناش بوہارا، گلشن جھا، سندیپ لامی چھانے، کرن کے سی، کشل مالا، انیل ساہ، سومپل کامی۔