(ویب ڈیسک) پاکستان نے مکس مارشل آرٹ انٹرنیشنل مقابلوں میں تین ٹائٹل اپنے نام کر لیے، ایک مقابلہ افغانستان نے جیت لیا۔
مکس مارشل آرٹ انٹرنیشنل مقابلے شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں منعقد ہوئے، پہلی فائٹ میں فہیم خان نے عامر خان کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا ، دوسری فائٹ میں پاکستان کی بشریٰ اختر نے افغانستان کی سائرہ صنم کو ناک آؤٹ کر کے ٹائٹل جیتا۔
تیسری فائٹ میں کاشف علی نے انتظار کو شکست دی جبکہ چوتھے مقابلے میں افغانستان کے نعمت اللہ نے پاکستان کے ایان حسین کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
مقابلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی حسان طارق نے کھلاڑیوں میں ٹائٹل بیلٹ، کیش انعامات اور شیلڈ تقسیم کیں، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی حاکم خان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی شمس توحید عباسی بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی حسان طارق نے اپنے خطاب میں بہترین ایونٹ کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اور تمام جیتنے والوں اور مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی۔
حسان طارق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سپورٹس فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا گیا اور آئندہ بھی اس طرح کے ایونٹ منعقد کیے جائیں گے، انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کھیل کے میدان میں اترنا ہی اصل کامیابی ہے۔