(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ شائقین نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے دلچسپ فرمائش کر ڈالی۔
بھارتی مداحوں نے اپنی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور سپر سٹار بیٹر ویرات کوہلی کے خلاف پاکستانی فاسٹ بولر سے اچھی بولنگ نہ کرنے کی درخواست کردی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آج 9 جون کو نیویارک میں گروپ اے کا اہم میچ شیڈول ہے، اس سلسلے میں دونوں ٹیموں کے مداح بھی نیویارک پہنچ چکے ہیں۔
اسی دوران نیویارک میں بھارتی فینز نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے ملاقات کی اور شاہین کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔
بھارتی فینز کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب سے خصوصی طور پر میچ دیکھنے امریکا آئے ہیں۔
انہوں نے شاہین آفریدی سے درخواست کی کہ ’آپ نے بھارت کے خلاف اچھی بولنگ نہیں کرنی، میچ میں روہت اور ویرات کو اپنا اچھا دوست سمجھیں'۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف میچ آج نیویارک کے نساؤ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔