(ویب ڈیسک)بڑی عید کی بڑی تیاریاں، ڈی سی لاہور،سی ٹی او لاہور نے مویشی منڈیوں کے مقامات کے دورے کیے،عمارہ اطہر نے تمام سرکل افسران کو منڈیوں کا وزٹ کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور لاہور ٹریفک پولیس نے بڑی عید پر بڑے انتظامات کرنا شروع کردیے،ڈی سی لاہور اور سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے مویشی منڈیوں کے مقامات کے دورے کیے۔ دونوں افسران نے شاہ پور کانجراں، پائن ایونیو، رائے ونڈ روڈ پر سجنے والی منڈیوں کا وزٹ کیا، سی ٹی او لاہور اور ڈی سی لاہور نے سہولتوں کا جائزہ لیا اور مناسب احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر ایس پی صدر شہزاد خان نے ٹریفک انتظامات، ان/ آؤٹ پر بریفنگ دی۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق شہریوں کی سہولت اور آسانی کےلئے جامع ٹریفک انتظامات کئے گئے ہیں، منڈیوں میں ٹریفک جام کی بڑی وجہ،رانگ پارکنگ ہوگی،مین شاہراہ پر کوئی جانور یا گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی مویشی منڈی لگانے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔
سی ٹی او نے بتایا کہ شہر بھر میں 10 سے زائد مختلف مقامات پر بکرمنڈیاں لگائی گئی ہیں،ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 60 انسپکٹرز اور 254 وارڈنز تعینات ہونگے،رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کےلئے 16 فوک لفٹرز تعینات ہونگے، شہریوں کو مویشی منڈیوں تک رسائی میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے تمام سرکل افسران کو منڈیوں کا وزٹ کرنے کا حکم دیا۔ وارڈنز کو نوسر بازوں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔