(لاہور نیوز) چینی و غیر ملکی شہریوں کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کے تحت داسو اور چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت داسو، چلاس سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا، وفاقی وزیرداخلہ نے جامع پلان طلب کر لیا، خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دیدی، کمیٹی کو 15 روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ داسو، چلاس میں سیف سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے، داسو، چلاس میں سیف سٹی کا قیام اسلام آباد اور لاہور کی طرح جدید تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا جائے گا، سیف سٹی کا مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ ایسا نظام ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے اس علاقے کی نگرانی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا، اسلام آباد پولیس اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ واپڈا، خیبرپختونخوا پولیس اور اسلام آباد پولیس ملکر اس سلسلے میں جامع پلان تیار کریں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی خیبرپختونخوا اور آر پی او ہزارہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔