یو اے ای نے پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی: جام کمال
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا خلیجی ممالک کا دورہ کامیاب رہا ، یو اے ای نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزراء جام کمال نے عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، وزیر اعظم کا یو اے ای کا دورہ بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زید نے شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، شہباز شریف کا یو اے ای کے ساتھ ذاتی تعلق بھی ہے، شیخ محمد بن زید نے شہباز شریف کو سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر تجارت نے مزید کہا کہ حکومت معاشی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعظم نے ہر شعبہ میں ہمیں بہتری کا ٹاسک دے رکھا ہے۔
عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یو اے ای پاکستان میں 10 ارب کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ، یو اے ای کے حکمران جانتے ہیں کہ شہباز شریف ڈیلیور کرنا جانتے ہیں، وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ ہم قرض یا امداد نہیں چاہتے، ہم آپ سے کاروباری روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جہاں جاتے ہیں سرمایہ کاری یا تجارت کی بات کرتے ہیں، جب ایس آئی ایف نہیں تھا تو ون ونڈو نہیں تھا، ہم سے پہلے ایکسپورٹ کو مشکلات تھیں ڈالر ایک جگہ نہیں رکتا تھا ، آئین کی خلاف ورزی کرنی ہے تو یہاں آپ کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ، اب پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، ہمارے مخالفین کو ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔