
(لاہور نیوز) مطالبات کی منظوری کیلئے پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈاکٹرز نے فیروزپور روڈ، جیل روڈ،مال روڈ اور کنال روڈ کو بند کردیا۔
احتجاجی ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے، ری ویمپنگ کے نام پر لوٹ مار ختم کی جائے اور ہسپتالوں کا آڈٹ کروایا جائے، ایڈہاک کو ریگولرائز کیا جائے اور کنٹرکٹ ری نیوئل پر بے جا پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔
ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹروں کی دیہاڑی پر بھرتی کو بند کر کے مستقل بھرتی کی جائے، ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائے، ڈاکٹروں کی بے جا ٹرانسفر پوسٹنگ کو فی الفور بند کیا جائے۔
احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ہاؤس آفیسرز کی تعیناتی 2003 کی پالیسی کے مطابق کی جائے، محکمہ صحت کی ڈسپنسریوں کو ڈسپنسرز کے حوالے کرنا اطائیت کو بڑھانا ہے، ڈسپنسریوں میں ڈاکٹرز کی سیٹوں کو فوراً بحال کیا جائے اور جن کو ملازمت سے فارغ کیا گیا ہے ان کو بحال کیا جائے۔
ینگ ڈاکٹر کا مزید کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کو مد نظر رکھتے ہوئے پوسٹ گریجوایٹ ٹرینرز کی تعداد کو بڑھایا جائے، فی الفور ڈاکٹرز کی اسامیوں کو بڑھایا جائے اور میڈیکل آفیسرز کو تعینات کیا جائے،ہسپتالوں میں ڈاکٹر کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے سکیورٹی بل نافذ کیا جائے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔