(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ریلوے نے بھی کرایوں میں کمی کر دی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے ایک کلو میٹر سے 200 کلو میٹر تک ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کر دی گئی جس کے بعد ریل کار اکانومی کلاس کا کم سے کم کرایہ 100 روپے ہو گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کلاسز کی ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے، بعض ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 54 فیصد تک کمی کر دی گئی جبکہ اے سی کلاس کا کرایہ 40 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، پٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی۔
مٹی کے تیل کی قیمت 9 روپے 86 پیسے کمی کیساتھ 173 روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 7 روپے 54 پیسے کمی کیساتھ 161 روپے 17 پیسے ہوگئی ہے۔