(لاہورنیوز) کرغزستان سے دو پروازوں کے ذریعے مزید 346 طلبا وطن واپس پہنچ گئے۔
بشکیک میں مقامی افراد کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے طلبا و کمیونٹی کو نشانہ بنائے جانے کے بعد صورتحال کشیدہ ہے جس کے باعث پاکستانی طلبا اور ان کے والدین کی جانب سے بچوں کی باحفاظت وطن واپسی کا مطالبہ سامنے آنے پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے نوٹس لیا اور طلبا کے بحفاظت انخلا اور پاکستان واپسی کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعظم کے احکامات کے بعد سے گزشتہ روز پہلی پرواز 140 طلبا کو لے کر لاہور ایئرپورٹ پہنچی تھی اور اتوار کے روز تین خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا تھا، جن میں سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل پر خصوصی پرواز 171 طلباء و طالبات کو لیکر اتری۔
سینیٹر مصدق ملک نے طلبا کا استقبال کیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر خصوصی ڈیسک اور طلبا کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔دریں اثنا بشکیک سے 175 طلبا کو لے کر دوسری پرواز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وطن واپس آنے والے طلبا کا استقبال کیا۔
دوسری جانب طالب علموں نے مفت واپس لانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر طالب علم 90 سے 92 ہزار روپے سفری اخراجات ادا کرکے آیا ہےحکومت کو چاہیے ان کے لیے بھی کچھ اقدامات کرے۔