آئی جی پنجاب کی اعلیٰ پولیس افسران کو انسداد منشیات آپریشنز کی نگرانی کی ہدایت
(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اعلیٰ پولیس افسران کو انسداد منشیات آپریشنز کی نگرانی کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ڈرگ فری پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پنجاب پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے 313 ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث 142 ملزمان کو گرفتار کر کے 139 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک کلو خطرناک ترین نشہ آئس جبکہ 61 کلو چرس اور ایک ہزار 235 لٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈرگ فری پنجاب مہم کے دوران اب تک منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 23 ہزار 603 چھاپے مارے گئے، گھناؤنے کاروبار میں ملوث 11 ہزار 536 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 10 ہزار 997 مقدمات درج کیے گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ فلیورڈ ڈرگز کے آن لائن کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی ایکشن جاری رکھیں، سمگلرز اور ڈیلرز سمیت سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو سخت سزائیں دلوائی جائیں۔